معاونِ خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان، ایمان شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان، ایمان شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے جاری منصوبوں، میڈیا پالیسی، سرکاری اشتہارات کی تقسیم اور عوامی آگاہی مہمات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
معاونِ خصوصی ایمان شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان شفاف، ذمہ دار اور عوام دوست اطلاعاتی نظام کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست اور عوام کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا اطلاعاتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اُنہوں نے محکمہ اطلاعات کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تشہیر یقینی بنائی جائے اور تمام سرکاری محکمات میں شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دی جائے۔ ایمان شاہ نے کہا کہ حکومت علاقائی میڈیا کے فروغ اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے بھی جامع پالیسی مرتب کر رہی ہے۔
اجلاس میں 27 اکتوبر ‘یومِ استحصال کشمیر’ اور یکم نومبر ‘جشنِ آزادیِ گلگت بلتستان’ کی تیاریوں اور میڈیا کوریج کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، اور ان اہم قومی تقریبات کی کوریج کو مؤثر اور جامع بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات، دلدار احمد ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
Comments are closed.