وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت، پنجاب سے گندم و آٹے کی آزادانہ ترسیل یقینی بنانے کا مطالبہ
پشاور، 22 اکتوبر:
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں گندم اور چینی کے دستیاب ذخائر اور ان کے نرخوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اشیائے خوردونوش سرکاری نرخ نامے کے مطابق دستیاب ہوں۔
انہوں نے محکمہ خوراک کو یہ بھی ہدایت کی کہ حکومتِ پنجاب کو باضابطہ طور پر خط لکھا جائے تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان گندم اور آٹے کی آزادانہ ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، اور عوام کو صوبائی اختلافات کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سیاسی اختلافات کی آڑ میں عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔
وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر میں تمام گوداموں کی فوری رجسٹریشن کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ اشیائے خوردونوش کی سپلائی چین کو شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔
Comments are closed.