انجینئر امیر مقام کا آٹا بحران پر اظہارِ تشویش — وزیرِاعلیٰ پنجاب کو خیبر پختونخوا کے عوام کی مشکلات سے آگاہ کردیا

21

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

سوات (19 اکتوبر): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا میں جاری آٹا بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسئلہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اٹھایا جا چکا ہے اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھی اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے عوام کی مشکلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

سوات میں سینئر صحافیوں غفور خان عادل اور شاہ اسد علی سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ آٹے کی سپلائی میں تعطل افغانستان کو آٹے کی اسمگلنگ کے باعث پیدا ہوا ہے، جس نے صوبے میں قلت کو جنم دیا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت عوامی نمائندہ وہ عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، ماضی میں بھی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی اور آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے۔

وفاقی وزیر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری گوداموں میں موجود گندم کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے تاکہ آٹے کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اس سنگین مسئلے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

انجینئر امیر مقام نے مزید بتایا کہ انہوں نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کو آٹا ڈیلرز اور ٹرک مالکان سے وصول کی جانے والی اضافی رقوم سے بھی آگاہ کیا ہے، جس پر مریم نواز شریف نے فوری اقدامات اور مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو بھی فوری عملی اقدامات کرنے چاہییں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Comments are closed.