وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ سے روس کے سفیر البرٹ پی خوروف کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، شمالی علاقہ جات کی قدرتی خوبصورتی، سیاحت کے فروغ اور میڈیا تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔18اکتوبر :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوروف نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، شمالی علاقہ جات کی قدرتی خوبصورتی، سیاحت کے فروغ اور میڈیا تعاون کے مختلف پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (اے پی پی) اور روس کی Sputnik نیوز ایجنسی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے علاوہ پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی ورلڈ) اور آر ٹی (رشین ٹی وی) کے مابین تعاون کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر عوامی سطح کے تبادلہ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل انفلوئنسرز اور نوجوانوں پر مشتمل وفود کے تبادلوں سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی سفارتی تعلقات استوار ہیں۔ روس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں شمالی علاقہ جات کی سیاحتی صلاحیت دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے پرکشش ہے، روسی سیاح پاکستان کے سیاحتی علاقوں میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات کو نئی جہتوں سے استوار کرتے ہوئے عملی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔ دونوں رہنماﺅں نے میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
Comments are closed.