غزہ میں امن سے پاکستان کو دنیا میں پذیرائی ملی ہے،پاکستان دنیا کے نقشے پر سفارتی لحاظ سے کامیابیاں سمیٹ رہا ہے،وفاقی وزرا
اسلام آباد۔18اکتوبر :وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ غزہ میں امن سے پاکستان کو دنیا میں پذیرائی ملی ہے،پاکستان دنیا کے نقشے پر سفارتی لحاظ سے کامیابیاں سمیٹ رہا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دور اندیشی کی بدولت بھارت کو بھی منہ کی کھانا پڑی،فلسطین میں امن کے قیام کے معاہدہ میں پاکستان کا کلیدی کردار رہا،وزیر اعظم کی انتھک محنت سے پاکستان سفارتی سطح پر ایک نئے انداز میں ابھرا ہے۔ہفتہ کو یہاں بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فلسطین میں امن کی واپسی مسلمان ملکوں کی سفارتی کامیابی ہے اور اس میں 8 ممالک نے کلیدی کردار ادا کیا اور اس میں سب سے اہم کردار پاکستان کا تھا۔خاص طور پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جو کردار ادا کیا ، فلسطین میں امن واپس لائے اور ظلم وستم بند ہوا ہے اس کا سہرا ان کے سر ہے ، پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔شرم الشیخ میں معاہدے کے وقت جو پذیرائی وزیر اعظم پاکستان کی ہوئی وہ اس کا منہ بولتا ثبوت تھا۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری،پاکستان کی تاریخ میں اس وقت عروج پر ہے،اس کامیابی کا سہرا وزیر اعظم شہباز شریف کے سر ہے،اس میں سب سے بڑی خوشی کی بات یہ ہے کہ ہم قیام پاکستان سے لے آج تک فلسطین اور کشمیر کے کاز کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،آج فلسطین میں امن پر فلسطینیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے،اس معاہدے میں وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کا بھی حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو امید پیدا ہوئی کہ انہیں ایک پرامن وطن ملے گا۔اس کے ساتھ باقی سفارتی کامیابیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے، آنے والے دنوں میں انہی کامیابیوں سے پاکستان کی معیشت،اس کی عزت میں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں سفارتی،سیاسی اور معاشی کامیابیاں سب کے سامنے ہیں،ہم پر جو جنگ مسلط کی گئی ہم نے وہ جنگ جیتی،سفارتی محاذ پر وزیر اعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم نے کامیابیوں سے عالمی معیار میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں امن کے لئے پاکستان کا کردار سب کے سامنے ہے،سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ بھی ان کامیابیوں کی مثال ہے جو وزیراعظم کی سربراہی میں پاکستان کو ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ،چین کے ساتھ تعلقات،مشرق وسطی، سعودی عرب،قطر،ترکیہ،بنگلہ دیش سے تعلقات میں حالیہ پیش رفت بڑی کامیابی ہے۔اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی عالمی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ شرم الشیخ میں وزیر اعظم کا مقدمہ یہ تھا کہ پاکستان امن،انسانی حقوق اور سلامتی کے لئے کھڑا ہے۔پوری دنیا میں اس وقت ایک مقدمہ فلسطین کا حق خودارادیت اورامن ہے۔وزیر اعظم نے دنیا کے سامنے یہ مقدمہ پیش کیا اور دنیا نے اس کو تسلیم کیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ،نائب وزیر اعظم اور دیگر قائدین مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ان کی کاوشوں کی بدولت پاکستان ڈیڑھ سال میں پہلے دیوالیہ ہونے سے بچا پھر استحکام اوراب ترقی کی جانب گامزن ہے،اس کے ساتھ خارجہ محاذ میں کوئی محفل پاکستان کی شرکت کے بغیر مکمل نہیں ہوتی اس پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم کی محنت کی وجہ سے پاکستان نے مشکل اہداف حاصل کئے،یہ ان کی کامیابیوں کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے محنت سے ملک کو چلانے،سب کو ساتھ لے کر چلنے اور موثر کوآرڈینیشن سے اپنی اہلیت ثابت کی ہے۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ سال پاکستان کی قوم کے لئے مبارک ثابت ہورہا ہے۔انڈیا کی ہزیمت کے بعد پاکستان کا عالمی کردار ابھر کر سامنے آیا ہے۔جس طرح امریکہ اور مڈل ایسٹ کے معاملہ پر سفارتی کوششوں نے عالمی سطح پر پاکستان کو وقار بخشا ہے، اس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ پاکستان جسے ملت اسلامیہ کی قیادت کے لئے قائم کیاگیاتھا ، آج وہ یہ کردار ادا کررہا ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ غزہ میں جو امن ہوا اس میں پاکستان کے کردار پر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم وٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،جن کی کاوشوں سے یہ سب ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں امن کے لئے معاہدہ میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا۔اس میں ترکیہ،قطر،سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے بھی نمایاں کردار ادا کیا، ان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ٹرمپ سمیت دیگر کردار ادا کرنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں،اللہ کرے کہ یہ امن پائیدار اور دیرپا رہے۔وزیر مملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وزارت خارجہ کی ٹیم کی وجہ سے پاکستان کی سفارت کاری کامیابیوں کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔امن معاہدے میں پاکستان کا کلیدی کردار رہا۔پاکستان سفارتی محاذ پر مسلسل کامیابیاں حاصل کررہا ہے،پاکستان،پاکستانی قوم،اس کے وقار اور عزت میں اضافہ کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیر اعظم کی قیادت میں ہم سب پاکستان کی کامیابیوں کے لئے ناصرف محنت کررہے ہیں بلکہ دعا گو بھی ہیں۔
Comments are closed.