گلگت بلتستان میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی بڑی کارروائی، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران گرفتار
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گلگت، 17 اکتوبر:
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ورکس ڈویژن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور غیر قانونی تقرریوں کے انکشافات پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے متعدد اعلیٰ افسران کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، ادارے نے چیف انجینئر، ایکسئین، ایس ڈی او، سب انجینئر، کیشیئر، سینیئر اکاؤنٹ کلرک، اور ڈویژنل اکاؤنٹ کلرک کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن گلگت بلتستان میں مقدمہ درج کیا ہے۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ گرلز ڈگری کالج شگر، رتھ فاؤ گرلز کالج سلطان آباد گلگت، اور گرلز ہائی اسکول دشکن استور جیسے اہم منصوبوں میں سنگین مالی بے ضابطگیاں اور غیر قانونی بھرتیاں کی گئی تھیں۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے مقدمہ درج ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں۔
ترجمان کے مطابق، ادارہ مکمل شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، اور تحقیقات کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے۔
Comments are closed.