الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کا بلدیاتی انتخابات کی شفاف تیاریوں پر زور — عوامی شمولیت اور جمہوریت کے فروغ کی جانب اہم قدم

17

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گلگت، 16 اکتوبر 2025:
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز کرتے ہوئے انہیں شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ اقدام علاقے میں نچلی سطح پر جمہوریت کے استحکام اور مقامی ترقی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ گلگت میں چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، کنوینیرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات عوامی شمولیت اور مقامی فیصلہ سازی کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان پرعزم ہے کہ انتخابات کو مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور قانونی تقاضوں کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اسلام آباد کی فراہم کردہ فہرستوں میں بعض علاقوں میں بلاک کوڈز اور دیہات کے ناموں کی تفصیلی معلومات شامل نہیں ہیں، جو حلقہ بندیوں کی حتمی منظوری کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے تمام اضلاع کے متعلقہ افسران اور حلقہ بندی ممبران کو ہدایت کی کہ وہ ریکارڈ کی درستگی اور ڈیٹا کی تکمیل کا عمل فوری طور پر مکمل کریں تاکہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کو صحیح اور بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں اور حلقہ بندی کے نقشہ جات حتمی شکل اختیار کر سکیں۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کو مزید تیز کریں اور تمام انتظامی، تکنیکی اور عملی پہلوؤں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کریں تاکہ انتخابات پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کو دیانتداری، شفافیت اور عوامی اعتماد کے ساتھ منعقد کیا جائے گا تاکہ جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی خوداختیاری کا نیا باب رقم ہو سکے۔

Comments are closed.