نصیر آباد: شہید ریلوے ملازم امداد کھوکھر کی قربانی کو خراجِ عقیدت — ایف سی حکام کی شہداء کے لواحقین سے ملاقات

14

نصیر آباد (نامہ نگار) چند روز قبل ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کے دوران اپنی جان قربان کر کے درجنوں قیمتی جانوں کو بچانے والے شہید ریلوے ملازم امداد کھوکھر کی بہادری، فرض شناسی اور شجاعت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کمانڈنٹ سوئی رائفلز کرنل عثمان اسلم، ونگ کمانڈر 114 ونگ لیفٹیننٹ کرنل رضوان احمد طیب، کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نورزئی، ڈپٹی کمشنر منیر احمد کاکڑ، ڈی آئی جی نصیرآباد کیپٹن (ر) عاصم خان اور دیگر ایف سی افسران شہید کے گھر پہنچے۔

انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امداد کھوکھر نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے حقیقی معنوں میں قومی ہیرو ہونے کا ثبوت دیا۔

کمانڈنٹ سوئی رائفلز کرنل عثمان اسلم نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہی قوموں کی اصل طاقت ہوتی ہیں۔ امداد کھوکھر جیسے بہادر سپوت اپنی جانیں قربان کر کے ملک و قوم کے سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ کے لیے تین لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا اور شہید کے گھرانے کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دینے کا وعدہ بھی کیا۔

ایف سی حکام نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ شہداء کے ورثاء کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر تخریب کاری کی کوشش کے دوران امداد کھوکھر نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر جعفر ایکسپریس کو بم دھماکے سے بچانے کے لیے بہادری سے مقابلہ کیا اور خود دھماکے کی زد میں آکر جامِ شہادت نوش کر گئے۔

ان کی بروقت قربانی کے باعث درجنوں مسافروں کی زندگیاں محفوظ رہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ایف سی حکام کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید امداد کھوکھر کی قربانی قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

Comments are closed.