نصیر آباد: ایف سی ہیڈکوارٹر 114 ونگ میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے قبائلی جرگے کا انعقاد

15

نصیر آباد (نامہ نگار) ایف سی ہیڈکوارٹر 114 ونگ میں ایک اہم قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کمانڈنٹ سوئی رائفلز کرنل محمد عثمان اسلم نے کی۔ جرگے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

شرکائے جرگہ میں کرنل کمانڈنٹ 114 ونگ رضوان علی طیب، میر شوکت جان بنگلزئی، ڈی ایچ او نصیرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، میر آصف جان لہڑی، میر لعل محمد بادینی، میجر یاسر، ایس ایم اکرام احمد، پروفیسر محمد ابراہیم ابڑو، مقدم حاجی غلام حسین بھنگر، میر محمد وارث ابڑو، سیٹھ تارا چند، حاجی شیر احمد کھیازئی، میر حامد خان گولہ، سیٹھ داسو مل اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔

کمانڈنٹ سوئی رائفلز کرنل محمد عثمان اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیامِ امن اور عوام کے جان و مال کا تحفظ فرنٹیئر کور بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے جس نے ملک و قوم کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا، تاہم ایف سی، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام کے باہمی تعاون سے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام محبِ وطن ہیں اور ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ عوام کے تعاون کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا، اس لیے ضروری ہے کہ تمام طبقات ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں کیونکہ تعلیم ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ کرنل عثمان اسلم نے مزید کہا کہ ایف سی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے، جن میں تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

جرگے کے اختتام پر شرکائے جرگہ نے ایف سی بلوچستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور عزم ظاہر کیا کہ وہ علاقے کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

Comments are closed.