صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کا شہید سیف الرحمان ہسپتال کا دورہ، قاضی نثار احمد و زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت

21

صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کا شہید سیف الرحمان ہسپتال کا دورہ، قاضی نثار احمد و زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت

گلگت بلتستان کا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا، وزیر داخلہ شمس الحق لون
دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس — حکومت زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گی، شمس الحق لون

گلگت: صوبائی وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے شہید سیف الرحمان ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گزشتہ روز کے حملے میں زخمی ہونے والے معروف عالمِ دین قاضی نثار احمد اور دیگر پولیس جوانوں کی عیادت کی۔

وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان قاضی نثار احمد پر حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔

شمس الحق لون نے واضح کیا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی صورت علاقے کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث تمام عناصر کا سراغ لگا کر انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام امن پسند ہیں اور چند شرپسند عناصر کے ذریعے خطے کے امن کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے، جبکہ زخمیوں کے علاج و معالجے کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

شمس الحق لون نے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، جو ان کے عزم، شجاعت اور فرض شناسی کی روشن مثال ہے۔

Comments are closed.