پاک۔چائنا فرینڈ شپ اسپتال گوادَر میں ماؤں اور بچوں کی صحت سے متعلق آگاہی مہم جاری
خصوصی رپورٹ
اسلام آباد، 6 اکتوبر: جی ڈی اے پاک۔چائنا فرینڈ شپ اسپتال گوادَر خواتین اور بچوں کی صحت میں بہتری لانے کے لیے جامع اقدامات کر رہا ہے، جس کے تحت اسپتال نے معیاری طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم بھی شروع کر دی ہے۔
اس مہم کے تحت اسپتال کے آبسٹٹرکس اینڈ گائناکالوجی ڈیپارٹمنٹ نے “گائناک ٹاکس” کے عنوان سے ایک نیا آگاہی پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد خواتین کو آسان اردو میں محفوظ حمل، غذائیت اور صحت کے بنیادی اصولوں سے روشناس کرانا ہے۔
دوسرے پروگرام گائناک ٹاکس نمبر 2 کی میزبانی ڈاکٹر شبانہ رحمان، سینئر رجسٹرار آبسٹٹرکس اینڈ گائناکالوجی نے کی۔ انہوں نے دورانِ حمل بلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر) کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ماؤں کے لیے ایک عام مگر قابلِ علاج خطرہ ہے۔
انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں مسلسل سر درد، متلی، سوجن یا سانس لینے میں دشواری محسوس ہو تو فوراً طبی معائنہ کرائیں۔ ڈاکٹر شبانہ نے مزید کہا کہ متوازن غذا، باقاعدہ چیک اپ اور جسمانی سرگرمی دورانِ حمل ماں اور بچے دونوں کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
اس سے قبل گائناک ٹاکس نمبر 1 میں ڈاکٹر ماہ رُخ اسلم نے دورانِ حمل خون کی کمی (انیمیا) پر گفتگو کی۔ انہوں نے خواتین کو تاکید کی کہ وہ گوشت، سبزیاں، انڈے، چقندر، جگر اور کھجور جیسی غذائیں استعمال کریں اور حمل کے ابتدائی، درمیانی اور آخری مراحل میں کم از کم تین بار طبی معائنہ ضرور کروائیں۔
اسپتال کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر 2025 کے دوران اسپتال میں 26 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا جن میں 2 ہزار 590 گائناکالوجی و آبسٹٹرکس کے کیسز شامل تھے، جبکہ 265 زچگیاں کامیابی سے انجام پائیں۔
مزید یہ کہ گوادَر پرو کے مطابق، اگست 2024 سے ستمبر 2025 کے درمیان اسپتال کے گائناکالوجی ڈیپارٹمنٹ میں 36 ہزار 661 خواتین کا علاج کیا گیا اور 2 ہزار 866 کامیاب زچگیاں ریکارڈ کی گئیں۔
پاک۔چائنا فرینڈ شپ اسپتال گوادَر جو کہ سی پیک (CPEC) منصوبے کے تحت قائم کیا گیا ہے، صوبہ بلوچستان میں عوامی صحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اسپتال نہ صرف اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے خواتین کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب بھی دے رہا ہے۔
Comments are closed.