نصیرآباد میں طبی مراکز کا اچانک معائنہ — غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ

20

نصیرآباد، 4 اکتوبر2025
بلوچستان حکومت کی جانب سے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نصیرآباد کی جانب سے طبی مراکز کے اچانک معائنے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی ہدایات پر ہسپتالوں اور مراکز صحت کے سرپرائز وزٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ رات کی شفٹ میں بھی عوام کو حکومتی سہولیات سے مستفید کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے ٹراما سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹر چیک کی۔

انہوں نے واضح ہدایت دی کہ ڈاکٹرز یا عملے کی لاپرواہی، غیر حاضری یا “آن کال ڈیوٹی” کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خصوصاً لیڈی ڈاکٹرز کی غیر موجودگی کو ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے میل اور فیمیل وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور یقین دلایا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ تمام سہولیات سے مقامی سطح پر مریضوں کو مکمل فائدہ پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ڈاکٹر یا اسٹاف کی جانب سے فرائض میں کوتاہی برتی گئی تو ضلعی انتظامیہ کو فوری اطلاع دی جائے تاکہ سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتی احکامات پر مکمل عمل درآمد اور عوامی فلاحی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Comments are closed.