بلوچستان ہائی کورٹ کا بوستان اسپیشل اکنامک زون 15 دسمبر تک مکمل فعال بنانے کا حکم
کوئٹہ: اکتوبر (اسٹاف رپورٹر/اسپیشل رپورٹ)
بلوچستان ہائی کورٹ نے بوستان اسپیشل اکنامک زون کو مکمل طور پر فعال بنانے کے حوالے سے اہم احکامات جاری کیے ہیں۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ کی دائر کردہ درخواست بنام اسٹیبلشمنٹ ڈویژن و دیگر کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران بوستان اسپیشل اکنامک زون انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف فنانس آفیسر سعد اللہ نے عدالت کو بتایا کہ بوستان اکنامک زون پہلے ہی فعال ہو چکا ہے۔ اس وقت زون میں 3 فیکٹریاں کام کر رہی ہیں جبکہ مزید 12 فیکٹریوں کو جلد مکمل و فعال کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے تقریباً 15 ہزار 520 افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ عدالت نے چیف فنانس آفیسر کے بیان کی روشنی میں حکومت کو ہدایت کی کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون انڈسٹریل اسٹیٹ کو 15 دسمبر 2025 تک مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔
مزید برآں، عدالت نے حکم دیا کہ اس کیس کی پیروی کے لیے معاملہ 16 دسمبر 2025 کو دفتر میں مقرر کیا جائے۔
Comments are closed.