بلوچستان کا کردار پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی، بارڈر ٹریڈ اور سرمایہ کاری صوبے کی خوشحالی اور ملکی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے: گورنر جعفر خان مندوخیل
کوئٹہ، 1 اکتوبر — گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبے میں بارڈر ٹریڈ اور سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں، جبکہ بلوچستان ایران، افغانستان اور بالخصوص سنٹرل ایشیا تک رسائی کا موثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوشکی سمیت تمام سرحدی علاقوں میں سرحدی تجارت کو فروغ دینا اور معاشی سرگرمیوں کو مستحکم کرنا نہایت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ نوشکی کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے مزید ترقیاتی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ وہ بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
یہ بات انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی میر دستگیر بادینی سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ سرحدی مارکیٹس کا قیام اور تجارتی سرگرمیوں کا فروغ نہ صرف مقامی آبادی کے مسائل حل کرنے میں مددگار ہوگا بلکہ ملکی معیشت کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد قومی پیداوار بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کی فراہمی اور ہمسایہ ممالک کے تجارتی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہم باقاعدگی سے وفاقی اور صوبائی حکومت کو تاجروں اور عوامی مسائل سے آگاہ کرتے ہیں اور آئندہ بھی صوبے کے روشن مستقبل کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں چھوٹے تاجروں کی تجارت ہزاروں لوگوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہے جبکہ ان معاشی سرگرمیوں سے بڑے پیمانے پر بھی صوبائی اور ملکی سطح پر معیشت کو تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات اور مقامی آبادی کے روزگار کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید عوام دوست اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
Comments are closed.