قومی اسمبلی کے یوتھ پارلیمنٹرینز فورم کے وفد کی اسپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان سے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں ملاقات

15

اسلام آباد؛ 23 جولائی 2025؛ قومی اسمبلی کے یوتھ پارلیمنٹرینز فورم (وائی پی ایف) کے ایک وفد نے، صدر وائی پی ایف و رکن قومی اسمبلی محترمہ سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں آج صوبائی اسمبلی بلوچستان میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی سے ملاقات کی۔ وفد نے اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے اراکین سے بھی ملاقات کی اور نوجوانوں سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے نوجوانوں کو درپیش متعدد سنگین مسائل، جن میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، امن و امان کی صورتحال، اسکول سے باہر بچوں کی بڑھتی تعداد، سیاسی تقسیم اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے مواقع کی کمی جیسے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔ وائی پی ایف کے وفد نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو ستمبر 2025 میں منعقد ہونے والے یوتھ پارلیمنٹرینز فورم کے گرینڈ کنونشن کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ ان تیاریوں میں خصوصی تربیتی ٹیم کی تشکیل، اور نوجوانوں کی نمائندگی کے فروغ کے لیے قراردادوں، بلز اور ترامیم کی تیاری جیسے اہم نکات شامل ہیں۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

گفتگو کے دوران سیاسی تقسیم کے خطرناک نتائج اور تفرقہ انگیز بیانیے کے تدارک کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ وائی پی ایف کے وفد نے نشاندہی کی کہ اسکول سے باہر بچے منفی اثرات کے لیے آسان ہدف بن جاتے ہیں اور جامع تعلیم کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیا۔ صدر وائی پی ایف محترمہ سیدہ نوشین افتخار نے فورم کی جاری پالیسی سازی کی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹیرینز کو نوجوانوں کے مسائل اور ضروریات کو واضح اور مؤثر انداز میں اجاگر کرنا چاہیے۔

دیگر موضوعات میں قبائلی نظام کے نوجوانوں پر اثرات، بلوچستان کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں میں برابری کی بنیاد پر مواقع کی فراہمی، اور امن و امان کی بہتری کے باوجود میڈیا کے بعض حلقوں کی منفی تصویر کشی جیسے نکات شامل تھے۔ وفد نے غلط معلومات کے پھیلاؤ کے خلاف مؤثر کارروائی اور وفاقی وزیر اطلاعات سے باضابطہ رابطے کی تجویز پیش کی۔

جنرل سیکریٹری وائی پی ایف و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے نوجوانوں سے متعلق مثبت اقدامات کی میڈیا میں ناکافی کوریج اور سوشل و الیکٹرانک میڈیا پر گمراہ کن مواد کے پھیلاؤ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ محترمہ سیدہ نوشین افتخار نے قومی مفاد سے وابستگی کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اجتماعی کاوشوں کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو درپیش چیلنجز پر مؤثر طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

وفد میں شامل دیگر اراکینِ قومی اسمبلی میں محترم محمد اقبال خان، انفارمیشن سیکریٹری وائی پی ایف؛ محترم محمد سعداللہ؛ محترم محمد مقداد علی خان؛ راجہ اسامہ سرور؛ محترمہ اختر بی بی اور محترمہ شائستہ خان شامل تھے۔

ملاقات کے بعد وفد کو صوبائی اسمبلی بلوچستان کے اسمبلی ہال کا سرکاری دورہ کرایا گیا۔

اسمبلی ہال کے دورے کے بعد وفد کو اسمبلی لائبریری لے جایا گیا، جہاں انہیں لائبریری کی تاریخی اہمیت اور قانون سازی کے عمل میں اس کے کلیدی کردار پر ایک مفصل بریفنگ دی گئی۔ اس سیشن کے دوران لائبریری کے وافر تحقیقی، تاریخی اور قانونی وسائل پر روشنی ڈالی گئی اور اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ یہ ادارہ اراکینِ اسمبلی میں مؤثر قانون سازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Comments are closed.