صوبائی سیکرٹری برائے کالجز و ہائیر ایجوکیشن، جناب صالح محمد بلوچ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بی آر سی ژوب کے ہونہار طالب علم آفتاب عالم کو اپنی جانب سے نقد انعام سے نوازا
کوئٹہ16 جولائی:ـبلوچستان میں تعلیم کے فروغ اور محنتی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی ایک روشن مثال قائم کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری برائے کالجز و ہائیر ایجوکیشن، جناب صالح محمد بلوچ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بی آر سی ژوب کے ہونہار طالب علم آفتاب عالم کو اپنی جانب سے نقد انعام سے نوازا۔ یہ اعزاز اُن کی علمی قابلیت، محنت اور عزم کا اعتراف ہے جو نہ صرف ان کے والدین، اساتذہ اور ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ پورے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بھی ہے۔ اس موقع پر منعقدہ مختصر مگر پروقار تقریب میں پرنسپل بی آر سی ژوب، جناب گلدار خان بھی موجود تھے، جنہوں نے آفتاب عالم کی کامیابی کو ادارے کے اساتذہ کی انتھک محنت اور معیاری تعلیمی ماحول کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی آر سی ژوب ہمیشہ سے بلوچستان کے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیتا رہا ہے، اور آفتاب عالم کی کامیابی اس تسلسل کا عملی مظہر ہے۔صوبائی سیکرٹری صالح محمد بلوچ نے طالب علم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کی محنت کو سراہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کالجز و ہائیر ایجوکیشن بلوچستان ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے تاکہ تعلیمی میدان میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ہی ملک و قوم کا مستقبل ہیں، اور ان کی تعلیمی کامیابیاں معاشرتی استحکام اور ترقی کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔ ایسے اقدامات سے دیگر طلبہ میں بھی مثبت مقابلے اور آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔آفتاب عالم نے اس اعزاز کو اپنی کامیابیوں کے سفر کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ وہ آئندہ بھی محنت، ایمانداری اور لگن سے تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔


