رکن بلوچستان اسمبلی میر عبید اللہ گورگیج کی جانب سےقلات واقعہ کی شدید مذمت اور دل سوز ردعمل
کوئٹہ16 جولائی:_پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی کے فعال رکن میر عبید اللہ گورگیج نے قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ کو ایک وحشیانہ، قابلِ نفرت اور قومی سلامتی پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ نہتے، معصوم اور بے قصور شہریوں کو خون میں نہلانا محض دہشتگردی نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہر باشعور پاکستانی کے دل کو زخمی کر گیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ دراصل ملک کے امن، استحکام اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی ناپاک سازش ہے۔ دہشتگرد عناصر بلوچستان میں جاری تعمیر و ترقی کے عمل کو روکنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، لیکن وہ اپنے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔میر عبید اللہ گورگیج نے مزید کہا کہ دشمن اب شناخت کے بجائے ہر پاکستانی کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ یہ جنگ کسی ایک علاقے یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ پورے پاکستان کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔ انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے اپیل کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل مالی و نفسیاتی معاونت دی جائے۔میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس فتنے کے خلاف قومی یکجہتی، اتحاد اور باہمی بھائی چارے کے جذبے سے لڑنا ہوگا تاکہ پاکستان کو امن، سلامتی اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔



