بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا عزم — غیر معیاری اور غیر قانونی کاشتکاری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی.. قمبرانی روڈ میں مضر صحت سبزیوں کے کئی ایکڑ تلف۔

19

(کوئٹہ، 8 جولائی 2025)
خبرنامہ ۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے محرم الحرام کی تعطیلات کے بعد ایک مرتبہ پھر صحت دشمن عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ قمبرانی روڈ کوئٹہ میں جاری حالیہ آپریشن کے دوران بی ایف اے کی آپریشن ٹیموں نے سیوریج واٹر سے اگائی گئی 30 ایکڑ ناقص سبزیوں کی کاشت کا خاتمہ کر دیا۔ کارروائی کے دوران تلف کی گئی فصلوں میں پالک، سلاد اور قلفہ ساگ شامل تھیں، جنہیں نالوں اور آلودہ پانی سے سیراب کیا جا رہا تھا۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق تلف کردہ سبزیاں انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ تھیں جن کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے تمام زیر کاشت رقبہ تلف کر دیا گیا۔ ادارے کا مؤقف واضح ہے کہ مضر صحت سبزیوں کی کاشت، درحقیقت عوامی صحت پر حملہ ہے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کارروائی کی خود نگرانی کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جو عوامی صحت سے کھیلیں گے، وہ قانون کی گرفت سے ہرگز نہیں بچ سکیں گے۔ اگر سبزیاں اگانی ہیں، تو صاف پانی کا بندوبست کریں۔ڈی جی بی ایف اے نے مزید کہا کہ سیوریج واٹر سے سبزیوں کی کاشت کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے تمام غیر قانونی و غیر معیاری زرعی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فیلڈ ٹیمیں اس مشن کے تحت مکمل طور پر متحرک ہیں اور خوراک کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کیلئے تمام ڈویژنز میں فصلوں، منڈیوں، ہوٹلوں اور فوڈ یونٹس کی باقاعدہ نگرانی جاری ہے۔ ادارے کے اقدامات کا مقصد صرف قانون نافذ کرنا ہی نہیں بلکہ عوام کو محفوظ، صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مضر صحت سبزیوں اور خوراک کی نشاندہی میں ادارے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مل کر ایک صحت مند بلوچستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

Comments are closed.