پشاور: جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
پشاور (رپورٹ: ایم- الیاس ملاخیل سے) –
گورنر ہاؤس پشاور میں منگل کے روز ایک پروقار تقریب میں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی اس تقریب کی میزبانی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی، جنہوں نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور بھی موجود تھے، جنہوں نے نومنتخب چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی جسٹس عتیق شاہ کو نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عدلیہ کے وقار میں اضافے اور انصاف کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں ہائی کورٹ کے دیگر معزز ججز، وفاقی وزیر برائے سیفران امیر مقام، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار احمد، کمشنر پشاور ریاض محسود، انتظامی محکموں کے اعلیٰ افسران، وکلاء برادری اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
حلف برداری کی تقریب ایک باوقار اور سنجیدہ ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے چیف جسٹس کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور عدالتی نظام میں بہتری کی امید ظاہر کی۔
Comments are closed.