آئی جی اسلام آباد کا آزادی مارچ کے حوالے سے مختص جگہ کا دورہ ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
اسلام آباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے مختص جگہ (جلسہ گاہ) کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور جلسے کے منتظمین سے ملاقات کی اس موقع پر آئی جی کو جلسے کے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی‘ آئی جی نے جلسے کے منتظمین کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ بدھ کو آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید کے ہمراہ سیکٹر ایچ نائن میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے جلسے کے لئے دی گئی جگہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات چیک کرکے مزید بہتر بنانے کے احکامات دیئے۔ آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے آزادی مارچ ریلی کے منتظمین سے ملاقات بھی کی اور انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ریلی اور جلسے کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی تاہم قانون کی پاسداری کرنا آزادی مارچ کے شرکاء سمیت ہر شہری پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان کا مورال بلند ہے ہر قسم کے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان میرا قیمتی سرمایہ ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہمارا اولین فرض ہے قانون کا احترام سب پر لازم ہے جہاں قانون شکنی ہوگی وہاں ایکشن لیں گے۔