
لاہور، کراچی ( سپورٹس رپورٹرز ) نامورغیرملکی کرکٹرز پی ایس ایل 6میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے بے تاب ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ متعدد رکاوٹوں اور حالیہ چیلنجز کے باوجود پی ایس ایل 6 کا منعقد ہونا کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کیلئے ایک اچھی خبر ہے ۔عثمان خواجہ نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم نے کراچی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، ہماری ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی کے امکا نات موجود ہیں، وہ کپتان شاداب خان اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دئیے گئے ہر ٹاسک کو مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جانسن چارلس کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ، ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع فراہم کرتی ہے ، یہاں فیلڈنگ کا معیار بہت شاندار ہوتا ہے اور ایونٹ کے دوران پاکستانی باؤلرزحریف بلے بازوں کوبہت ٹف ٹائم دیتے ہیں۔ کراچی کنگز کے مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں، وہ کراچی کنگز کی نمائندگی کیلئے پرجوش ہیں، میں ٹاپ آرڈر میں بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کا منتظر ہوں ، وہ ایک بہترین بیٹسمین ہیں۔ لاہور قلندرز کے جیمز فالکنر کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کے منتظر ہیں ، اس لیگ نے بہت سے نئے کرکٹرز کو تراشا ہے ، جس نے صرف چھ سالوں میں اس لیگ کے دنیا بھر میں موجود مداحوں کی تعداد میں بہت اضافہ کیا ہے ۔پشاور زلمی کے فیڈل ایڈورڈز کا کہنا ہے کہ ان مشکل اور غیریقینی حالات میں چھ ٹیموں کو ایک جگہ اکٹھا کرکے ایک معیاری ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا کوئی آسان ٹاسک نہیں ہے ، انہیں کوئی شک نہیں ہے کہ ماضی کی طرح یہ ایڈیشن بھی شائقین کرکٹ کو اپنی ٹی وی سکرینز سے جڑے رہنے پر مجبور کرے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آندرے رسل کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا ٹورنامنٹ ہے جہاں بننے والی دوستیاں ایک طویل عرصہ قائم رہتی ہیں۔ آندرے رسل نے کہا کہ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل اپنے ساتھیوں کو جلد جوائن کرنے کے منتظر ہیں ۔




