پشاور: گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلی پر اہم کانفرنس، جامع حکمت عملی اپنانے پر زور
پشاور (نمائندہ خصوصی) –
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی صرف عالمی سطح کا نہیں بلکہ مقامی سطح کا بھی ایک سنگین اور فوری توجہ کا متقاضی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف سائنسی نہیں بلکہ سماجی، معاشی اور اخلاقی نوعیت کا چیلنج ہے جس سے خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر
ہو رہا ہے۔ صوبہ اس وقت شدید موسمی تغیرات، گلیشیئرز کے تیز پگھلاؤ، تباہ کن سیلابوں اور جنگلاتی آگ جیسے خطرات سے دوچار ہے۔
گورنر نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں “نیشنل یوتھ کلائمیٹ کونسل (NYCCC)” کے زیرِ انتظام ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر منعقدہ ایک اہم کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر NYCCC محمد عمیر مفکر، چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (NDMRF) بلال انور، یونیسف پاکستان کی کلائمیٹ آفیسر مس جویریہ سمیت ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اس نوعیت کی کانفرنسز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب تحقیق، مکالمے اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی نہ صرف ایک
ماحولیاتی بحران ہے بلکہ یہ ہمارے معاشی و سماجی نظام کے لیے بھی ایک سنجیدہ خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے ہمیں جامع اور مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، جس میں پائیدار ترقیاتی منصوبہ بندی، صاف اور متبادل توانائی کی جانب منتقلی، قدرتی آفات سے بچاؤ کے مؤثر نظام کی تشکیل اور عوامی شعور کی بیداری جیسے اقدامات شامل ہوں۔
گورنر نے زور دیا کہ ہمیں ان طبقات کی آواز بھی سننی چاہیے جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ مقامی اور قومی سطح پر ماحول دوست اقدامات میں بھرپور شرکت کریں، آگاہی مہمات کا حصہ بنیں اور تحقیق و علم
کی بنیاد پر حکومتی پالیسی سازی میں مثبت کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے وقت کا سب سے بڑا چیلنج ہے، لیکن یہی وقت ہے کہ ہم سب مل کر ایک پائیدار، سرسبز اور محفوظ مستقبل کی طرف پیش قدمی کریں۔
کانفرنس کے اختتام پر گورنر نے شرکاء میں تعارفی شیلڈز بھی تقسیم کیں اور تمام اداروں کے تعاون کو سراہا۔ شرکاء نے کانفرنس کو معلوماتی، بامقصد اور مستقبل کے لیے راہ ہموار کرنے والا قرار دیا۔
Comments are closed.