ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

16

جعفرآباد25جولائی ۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو انجینیئر ایریگیشن ڈرینیج گل حسن خان کھوسہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد نواز جتک، ایگزیکٹو انجینیئر مواصلات و تعمیرات روڈز بوستان خان چانڈیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جلیل احمد۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، سب ڈویڑنل آفیسر بلڈنگز اعجاز احمد بہرانی،سیف اللہ بنگلزئی لوکل گورنمنٹ، ایجوکیشن سمیت دیگر محکموں کے افسران اور ان کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت تمام افسران اپنے اپنے محکموں میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکیمات کی مضبوط اور قابل عمل تجاویز پیش کریں تاکہ ان منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی امور کا آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی نوعیت کی اسکیمات کو اولین فوقیت دی جائے گی اور یہ منصوبے عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بنائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا فوری حل اور علاقے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے، اس لیے تمام محکمے بروقت پی سی ونز اور ڈیزائن مکمل کرکے جمع کروائیں تاکہ فنڈز ریلیز ہونے کے بعد کسی بھی منصوبے میں تاخیر نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو پینے کے صاف پانی، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، بہتر سڑکوں، نکاسی آب ایریگیشن ڈرینیج سسٹم کی پشتوں کو مزید مضبوط بنانے سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی ہوگی، جس سے علاقے کی مجموعی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے مجوزہ اسکیمات پر بریفنگ بھی دی گئی اور ڈپٹی کمشنر نے ان تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔

Comments are closed.