ڈپٹی کمشنر استامحمد رزاق خان خجک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر محمد رمضان اشتیاق نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کاروائی کی۔

16

استامحمد25جولائی ۔ ڈپٹی کمشنر استامحمد رزاق خان خجک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر محمد رمضان اشتیاق نے تحصیلدار علی گور مگسی، ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ہمراہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کاروائی کی۔ کاروائی کے دوران مختلف مقامات پر فٹ پاتھوں، سڑکوں اور بازاروں میں لگائی گئی ریڑھیاں، تھڑے اور غیر قانونی اسٹالز ہٹا دیے گئے جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے ہوئے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد رمضان اشتیاق نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی عوامی راستے بند کرنے یا ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ اور سڑکیں عوام کی ملکیت ہیں، ان پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مختلف مارکیٹوں اور دکانوں کا بھی دورہ کیا اور اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کی کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ خریداروں اور پیدل چلنے والوں کو بھی سہولت میسر آئے گی۔

Comments are closed.