ضلع دکی میں میونسپل کمیٹی کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا
د کی۔ 24 ، جولائی۔ ضلع دکی میں میونسپل کمیٹی کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے کی۔ کچہری کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد باقاعدہ عوامی مسائل کا سلسلہ شروع ہوا۔اس موقع پر کمانڈر 87 ونگ محمد حنیف، ایس پی دکی عاصم شفیع، اسسٹنٹ کمشنر دکی ڈاکٹر عبدالسلام، ہیڈ آف لائن ڈیپارٹمنٹس، انجمن تاجران کے نمائندگان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔کھلی کچہری میں شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے سامنے اپنے مختلف نوعیت کے مسائل پیش کیے جن میں امن و امان، سڑکوں کی خستہ حالی، صاف پانی کی فراہمی، سولر سسٹم، تعلیم، صحت، نالیوں کی صفائی، بجلی، بارش کے پانی کی نکاسی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور زمینوں کی سیٹلمنٹ کے مسائل شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر دکی نے بعض مسائل پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے جبکہ دیگر معاملات کو متعلقہ محکموں کے ذریعے جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور ان کے تمام مسائل کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے موثر اقدامات کیے جائیں۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے کہاکہ “ایسے مواقع عوام سے رابطے اور قربت کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔ ہمارے دفاتر ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے کھلے ہیں۔ جو بھی شخص کسی مسئلے کا شکار ہو، وہ بلا جھجک ہمارے پاس رجوع کرے۔ ہم اس کی بات سنیں گے اور حتی الوسع فوری حل کی کوشش کریں گے۔ عوامی خدمت ہی ہماری اصل ذمہ داری ہے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
Comments are closed.