محکمہ ایکسائز سندھ کی کاروائی ، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی
کراچی: محکمہ ایکسائز سندھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ملزمان بھاری مالیت کی چرس بلوچستان سے سندھ اسمگل کرنا چاہتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے کراچی چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں نے مشکوک ٹرک کی تلاشی زرعی کالج جیک آباد کے نزد لی، ٹرک نمبر ٹی کے کیو-523 سے 80 کلو چرس برآمد ہوئی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے موقع پر ہی سمیع اللہ نامی ملزم کو گرفتار کرلیا، مذکورہ شخص قلعہ عبداللہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔کامیاب کارروائی پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چالہ نے مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران محنت اور لگن سے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو جاری رکھیں۔