دہشت گردی سے جانی نقصان،افغانستان پہلے، پاکستان کا پانچواں نمبر
واشنگٹن: پاکستان میں امن و امان کی صورت حال ہرگزرتے سال کے ساتھ بہترہونے لگی۔ گلوبل ٹیررزازم انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق دہشتگردی سے جانی نقصان والے ممالک میں پاکستان کا نمبر پانچواں ہے۔آسٹریلوی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سال 2018 میں دہشت گردی سے جانی نقصان میں 2013 کے مقابلے میں 83 فیصد کمی آچکی ہے۔گلوبل ٹیررازم انڈیکس میں دہشت گردی سے متاثرہ ملکوں میں افغانستان پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں 2018 میں دہشت گردی کیایک ہزار 443 واقعات میں 7 ہزار 379 افراد جان سے گئے۔عراق جو 2004 سے دہشت گردی سے متاثرہ ملکوں میں پہلے نمبرپرتھا اب دوسرے نمبرپرآچکا ہے۔عراق میں گزشتہ سال ایک ہزار 131 واقعات میں 1054ایک ہزار 54 زندگیوں کے چراغ بجھ گئے۔نائجیریا تیسرے نمبر پر ہے جہاں 562 واقعات میں 2 ہزار 40 ہلاکتیں ہوئیں۔شام چوتھے نمبر پررہا جہاں دہشت گردی کے 131 واقعات رونما ہوئے جن میں 662 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔پاکستان اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے جہاں دہشت گردی کے 366 واقعات میں 537 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔صومالیہ میں 286 واقعات میں 646 جانوں کا زیاں ہوا۔دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی عالمی فہرست میں بھارت ساتویں، یمن آٹھویں، فلپائن نویں اورکانگو دسویں نمبر پر رہا۔




