ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی بھی مزید سخت کردی گئی
بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے حالیہ واقعے اور گینگسٹرز کی جانب سے ملنے والی سنگین دھمکیوں کے بعد سپر اسٹار سلمان خان کو سکیورٹی بھی مزید سخت کردی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کے روز ممبئی ائیرپورٹ آمد کے موقع پر سلمان خان کے گرد متعدد مسلح محافظوں کا پہرا تھا جبکہ ان کے ذاتی باڈی گارڈ شیرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر اداکار نے فوٹوگرافرز کے سامنے زیادہ دیر رکنے اور پوز دینے سے گریز کیا اور تیزی سے ائیرپورٹ کے اندر چلے گئے۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز ممبئی میں فٹبال کھیلنے کے بعد گراؤنڈ سے باہر نکلتے وقت ٹائیگر شروف پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی۔
اس واقعے کے فوراً بعد جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھی انیل پنڈت کی جانب سے ایک مبینہ آڈیو کلپ گردش کرنے لگا جس میں اس نے اور ہرمن سندھو نے اس حملے کی مکمل ذمہ داری قبول کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس آڈیو پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کو پہلے بھی وارننگ دی تھی۔
گینگسٹرز نے فلم انڈسٹری کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کھلی دھمکی دی کہ جو کوئی بھی سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا اسے اسی طرح کے ہولناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان سنگین دھمکیوں اور فائرنگ کے واقعے کے بعد سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر بھی سکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
