وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ولید صالح کے قتل پر گہری تعزیت، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

25

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے کے فوری بعد رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کی رہائش گاہ پہنچے اور ولید صالح کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ولید صالح ایک باصلاحیت، باکردار اور امیدوں سے بھرپور نوجوان تھے، جن کا قتل نہ صرف خاندان بلکہ بلوچستان کے سماجی ڈھانچے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے اس المناک واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اور انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور انصاف کی فراہمی کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔

Comments are closed.