ڈی جی جی ڈی اے کا شادی کور ڈیم سے گوادر تک پانی کی مین ٹرانسمیشن لائن کا معائنہ — بحالی و مرمتی کام آخری مراحل میں داخل
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گوادر، 19 اکتوبر 2025:
ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) معین الرحمٰن خان نے آج شادی کور ڈیم سے گوادر کو پانی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمیشن لائن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری مرمتی اور بحالی کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد، پی ڈی واٹر میر جان بلوچ اور اسسٹنٹ انجینئر کمبر بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی جی ڈی اے نے پسنی کے قریب کوسٹل ایریا میں جاری پائپ لائن کی مرمت، بحالی اور استعدادِ کار میں اضافے کے کام کا معائنہ کیا۔ یہ ٹرانسمیشن لائن تقریباً ساڑھے تین سال سے غیر فعال تھی، تاہم گوادر میں پانی کے حالیہ بحران کے دوران جی ڈی اے نے ہنگامی بنیادوں پر لائن کو بحال کر کے پانی کی فراہمی ممکن بنائی۔ اب لائن کی مزید مضبوطی اور کارکردگی میں بہتری کے لیے منظم انداز میں کام مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ پانی کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
گزشتہ دنوں بعض علاقوں میں پانی کے کم پریشر اور لیکیج کے مسائل سامنے آئے جن کے تدارک کے لیے جی ڈی اے کی واٹر ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ منصوبے کا بنیادی مقصد شادی کور ڈیم سے گوادر تک پانی کی ترسیل کو مستحکم بنانا، لائن کی گنجائش میں اضافہ کرنا اور میرانی ڈیم سے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی پر انحصار کم سے کم کرنا ہے تاکہ شہر میں پانی کی سپلائی مستقل اور بہتر انداز میں جاری رہ سکے۔
Comments are closed.