اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پاکستان۔افغانستان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
(اسلام آباد، 19 اکتوبر 2025)
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان ہمیشہ پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور احترامِ ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ امن اور استحکام دونوں ممالک کے عوام کی مشترکہ ضرورت ہے، اور پاکستان کے امن کے فروغ اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے اور نوّے ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران 45 لاکھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر کے ہمسائیگی کی لازوال مثال قائم کی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ افغانستان میں امن، پاکستان کے امن سے جُڑا ہوا ہے، اور سیاسی و عسکری قیادت کے اتفاقِ رائے سے ممکن ہونے والی جنگ بندی ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
انہوں نے 25 اکتوبر کو استنبول میں مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت ہی خطے میں دیرپا امن کی واحد ضمانت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد سازی، تعاون، عوامی روابط اور اقتصادی شراکت کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔
آخر میں سردار ایاز صادق نے پاکستان، افغانستان جنگ بندی معاہدے کے لیے قطر، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کے مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.