پشاور میں ڈینگی کی وبا بے قابو — انتظامیہ کی غفلت نے صورتحال سنگین بنا دی

30

  عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور رپورٹ: محمد زیب

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی کی وبا نے خطرناک شکل اختیار کر لی ہے۔ شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں، خاص طور پر وارساك روڈ (Warsak Road) اور اس کے گرد و نواح جیسے مٹھرا ، کوچیاں ، گارا ایپل اسٹاپ اور مچنی میں تقریباً ہر دوسرے گھر میں ڈینگی بخار کے مریض موجود ہیں۔

مقامی مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اسپرے مہم نہ ہونے کی وجہ سے مچھر تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ گلیوں اور نالیوں میں گندگی کے ڈھیر، کھڑا پانی اور ناقص صفائی کے انتظامات نے بیماری کے پھیلاؤ کو مزید بڑھا دیا ہے۔

رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ حکومتی اداروں کی سستی اور عدم توجہی کے باعث صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ بیشتر سرکاری اسپتالوں میں بستروں اور ڈینگی ٹیسٹ کٹس کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ڈینگی کے خلاف بھرپور اسپرے مہم شروع کی جائے، صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے اور شہریوں میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

Comments are closed.