
کراچی: جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کہاہے کہ وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے مطالبے پر قائم ہیں، حکومت کی جانب سے کو ئی رابطہ نہیں کیا گیا، پلان بی احتجاج کا دوسرا مرحلہ ہے جو جاری ہے، تمام صوبوں کو ملانے والی شاہراہیں اور شاہراہ ریشم بند ہے۔جے یو آئی (ف)کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلان بی احتجاج کا دوسرا مرحلہ ہے جو جاری ہے، تمام صوبوں کو ملانے والی شاہراہیں اور شاہراہ ریشم بند ہے۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے مطالبے پر قائم ہیں، حکومت کی جانب سے کو ئی رابطہ نہیں کیا گیا۔دوسری جانب تحریک انصاف کی رہنما کنول شوزب نے اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کا دھرنا صرف ان کی خواہشات پر مبنی تھا، مولانا جن لوگوں کو لے کر آئے ان کو کچھ پتہ ہی نہیں تھا، مولانا نے ساتھ آنے والوں کو استعمال کیا۔یاد رہے کہ دو روز قبل حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ پلان بی میں تمام طبقوں کو شامل کیا گیا ہے، پلان بی کو تمام اتحادی سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔



