مصور خان کے قاتل کی گرفتاری بڑی پیشرفت، انصاف کا وعدہ پورا کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ، 15 جولائی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مصور خان کی شہادت پر دل نہایت رنجیدہ ہے ہم اسے بچا نہ سکے لیکن قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہمارا وعدہ تھا اور وہ وعدہ آج پورا ہوا سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مصور خان کے قاتل کی شناخت اور گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب اور مربوط کارروائی کا نتیجہ ہے کوئٹہ پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اس کیس میں اہم پیش رفت ممکن بنائی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان ہر مظلوم کو انصاف دلانے کے وعدے پر قائم ہے اور ریاست کسی صورت قاتلوں کو بخشے گی نہیں انہوں نے کہا کہ باقی ملوث افراد کی تلاش جاری ہے اور جلد انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا انہوں نے اس موقع پر کوئٹہ پولیس، آئی بی اور سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


