حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا کے پھیلاؤکو موثرطریقے سے روکا جا سکتا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا سے متعلق عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِاطلاعات سینٹر شبلی فراز، وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرداخلہ اعجاز شاہ، وزیربرائے صنعت و پیداوارحماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ، فوکل پرسن ڈاکٹرفیصل سلطان، چئیرمین این ڈی ایم اے بھی شریک تھے۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال، آئندہ کے تخمینوں اوراقدامات پرغورکیا گیا اورکورونا مریضوں کے لئے موجود بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرزاور سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریزکام کررہی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ، اس وقت ملک میں 4 ہزار800 وینٹی لیٹرزموجود ہیں، مزید 1600 وینٹی لیٹرز کا اضافہ بہت جلد ہوجائے گا، ملک میں این -95 اور وینٹی لیٹرز مقامی طورپرتیارکیے جا رہے ہیں، جولائی تک تمام صوبوں میں 2 ہزارکووڈ بستروں کا مزید اضافہ کر دیا جائے گا اور کورونا سے متعلق حفاظتی لباس اور پرسنل پروٹیکٹیو کٹس کی تمام ضروریات پوری کی جار ہی ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کرونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے، تخمینوں کومدنظررکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہرممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مقامی قیادت اپنے علاقوں میں انتظامیہ کی مدد سے کووڈ سہولیات کا جائزہ لیں، صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے کووڈ مریضوں کی چند ادویات اورانجیکشنزکی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے چئیرمین این ڈی ایم اے کو مطلوبہ ادویات اور انجیکشن باآسانی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پرائس کنٹرول سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزراء اورچاروں صوبوں کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کواشیائے ضروریہ، پٹرولیم مصنوعات کے بحران سے متعلق آٹا چینی سمیت دیگراشیاء کی فراہمی پربریفنگ دی گئی۔