ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ ضلع میرپور میں مذہبی ہم آہنگی،امن و بھائی چارے کی بہترین فضا قائم ہے۔مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے انتظامیہ،پولیس،علماء کرام اور دیگر تما م طبقات اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔پاک بھارت جنگ میں افواج پاکستان کو عظیم فتح نصیب ہوئی ہے۔ہماراازلی دشمن بھارت ہمیں مذہبی منافرت،گروہی اختلافات سمیت سوشل میڈیا کے غلط اور فیک اکاؤنٹس کے ذریعے لڑانے اور ایک دوسرے کے درمیان دشمنیاں پیدا کرنے کے وار کررہا ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں مذہبی مسالک کے درمیان مکمل بھائی چارے کی فضا ء کو برقرار رکھنا ہوگا۔محرم الحرام میں تمام مسالک کے علماء کرام اور عوام الناس نے بھرپور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا جس کے باعث عاشورہ محرم الحرام کے دوران کسی جگہ بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا البتہ گلگت کے ایک طالب علم نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ پوسٹ شیئر کی جس کے خلاف کمیٹی کی سفارشات پر ایف آئی آر درج ہے اور اس کے خلاف کاروائی ہو رہی ہے۔سموال شریف جلوس کے روٹ کے لیے انتظامیہ اہل تشیع اور اہل سنت الجماعت پر مبنی فریقین کے درمیان باقاعدہ طے شدہ معاہدہ قائم ہے جس پر عملدرآمد کروایا جائے گا اگر مقامی اہلسنت اور اہل تشیع کے درمیان باہمی اتفاق رائے سے دیگر معاملات طے پاتے ہیں تو انتظامیہ بھی اس کی حمایت کرئے گی۔نئے معاہدہ تک پہلے سے طے شدہ معاہدہ پر ہی عملدرآمد ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس ایس پی خاور علی شوکت،اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین،ضلع مفتی عبدالغفار سلفی،چیف آفیسر بلدیہ راجہ شیراز خان،چیئرمین علماء مشائخ کونسل مفتی محمد وسیم رضا،مولانا مفتی روئیس خان ایوبی، تحریک لبیک کے عمیر اصغر چوہدری،چوہدری ریاض عالم ایڈووکیٹ صاحبزادہ ناصر سلطانی صدیقی، اہل تشیع کے پروفیسر طاہر حسین نقوی، محمد رزاق جعفری،سید زوار حسین الصادقی، جماعت الحدیث کے قاری محمد اعظم عارف،قاری محمد گلزار،انجمن تاجراں کے چوہدری محمد نعیم،چوہدری محمود،تنویر غازی،شہزاد خاکسار،شیخ حمید الحق،چوہدری محمد اقبال،قاری محمد گلزار عابد،ضیا ء اللہ عابد،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا کہ حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر دشمن کی طرف سے مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو خراب کرنے کے لیے کئی طرح کے فتنوں کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ یہاں امن وامان کی فضا خراب ہوسکے۔انھو ں نے کہاکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے علماء کرام اور مختلف مکاتب فکر مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو بہر صورت یقینی بنائیں۔فیک آئی ڈیز سے مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ہمارے اتحادو اتفاق کوکوئی ٹھیس نہ پہنچا سکے۔اجلاس میں جملہ مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے بھی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ضلع میرپور کے تمام مسالک کے علماء کرام کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے اور یہ فضا آئندہ بھی قائم رہے گی۔خلفاء راشدین اور اصحابہ کرام پر ہمارا کامل ایمان ہے ان کی شان میں گستاخی کرنے والوں کا کوئی ساتھ نہیں دے گا بلکہ تمام مسالک مل کر اسے نشان عبرت بنائیں گے۔اجلاس میں دیگر مسائل پر بھی تفصیلی غور وخوض بھی کیا گیا اور اس عہد کی تجدید کی گئی کہ ضلع میرپور میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضامیں کوئی دراڑ پیدا نہیں ہونے دیں گے۔اجلاس کے آخر میں اتحاد بین المسلمین و مسالک،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی،تحریک آزادی کشمیر،فلسطین کی آزادی اور مسلح افواج پاکستان کے لیے دعا کی گئی۔




