ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے گزشتہ روز بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت مختلف اسکولوں میں سولرائزیشن کے مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کیا

22

سبی 12 اکتوبر: ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے گزشتہ روز بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت مختلف اسکولوں میں سولرائزیشن کے مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقاریب میں ونگ کمانڈر کرنل زبیر، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ منصوبے کے تحت گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول گلوشہر، گرلز مڈل اسکول کلی مکرانی، بوائز مڈل اسکول کلی درمحمد ہانبھی میں 6 کے وی جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول خجک اور بوائز ہائی اسکول کڑک میں 10 کے وی کے سولر سسٹم نصب کیے گئے۔ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول خجک اور کڑک کے منصوبوں کا افتتاح 122 ونگ کمانڈر کرنل عبدالمنان نے کیا، جبکہ دیگر اسکولوں کے سولرائزیشن منصوبوں کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سبی نے اسکولوں کے طلباء و طالبات سے کرایا تاکہ نوجوان نسل میں شمولیت اور ذمہ داری کا جذبہ پیدا ہو۔ ان تمام منصوبوں پر مجموعی طور پر 21.6 ملین روپے کی لاگت آئی۔اس موقع پر طلباء و طالبات اور اساتذہ نے خوشی و اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سولر سسٹم کی بدولت اب تعلیمی سرگرمیاں بغیر رکاوٹ کے جاری رہیں گی۔ علاقے کے معتبرین نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے تعلیمی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں توانائی کے پائیدار ذرائع کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت اور ترقی کے ہر منصوبے کو شفافیت، رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک روشن اور مستحکم مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

Comments are closed.