وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کو اولین ترجیح دی ہے
کوئٹہ، 12 اکتوبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کو اولین ترجیح دی ہے، تاہم قومی دفاع اور خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ ممکن نہیں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح مضبوطی سے کھڑے ہیں، جو ہر قسم کی جارحیت کا دوٹوک اور مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے قوم متحد ہے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ سرحد پار دہشت گرد گروہوں کی موجودگی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ اس کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم گروہوں کی کارروائیاں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ امن اور مذاکرات کے راستے کو ترجیح دیتا رہا ہے، لیکن قومی سلامتی پر آنچ آنے کی صورت میں ریاست اور عوام متحد ہو کر ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام اپنی مادرِ وطن کے دفاع اور افواجِ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔
Comments are closed.