پاک فوج کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب، افغان چوکیوں کو بھاری نقصان
راولپنڈی، 12 اکتوبر:
پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بِلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور فیصلہ کن جوابی کارروائی جاری ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے مؤثر اور شدید جوابی حملے کے بعد متعدد افغان چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ افغان فوجی دستے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اپنی چوکیوں کو خالی کرنے پر مجبور ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کئی افغان فوجی اپنی چوکیوں پر لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے جب کہ پاکستان کی جانب سے مؤثر کارروائی اب بھی پوری شدت سے جاری ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ افغان حکام نے پاکستان سے بھاری جوابی کارروائی روکنے کی درخواست کی ہے، تاہم پاک فوج نے واضح کر دیا ہے کہ سرحد پار کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کے عسکری ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی خودمختاری اور سرحدی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور دشمن کی کسی بھی کارروائی کا جواب پوری طاقت سے دیا جائے گا۔
Comments are closed.