کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس بارباڈوس میں بلوچستان کی نمائندہ فرح عظیم شاہ کا خطاب — پاکستان کے امن، مکالمے اور برداشت کے عزم پر زور

22

خصوصی رپورٹ
بارباڈوس/کوئٹہ، 11 اکتوبر — کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (CPA) کی 68ویں کانفرنس میں ایگزیکٹو کمیٹی (ایشین ریجن) کی رکن اور رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے صوبہ بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کے امن کے پیغام کو اجاگر کیا۔

اپنے خطاب میں فرح عظیم شاہ نے تنازعات کے پُرامن حل، انسدادِ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے موضوعات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو ہمیشہ امن، رواداری اور باہمی احترام کی پالیسی پر کاربند رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً صوبہ بلوچستان کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، مگر اس کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا — جسے کسی طور کمزوری نہ سمجھا جائے۔

فرح عظیم شاہ کی جانب سے پیش کردہ تنازعات کے پُرامن حل، انسدادِ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمے سے متعلق تجاویز کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے منظور کر لیا، تاکہ ان پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

یہ منظوری پاکستان، بالخصوص صوبہ بلوچستان کے لیے ایک قابلِ فخر اعزاز قرار دی جا رہی ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کے امن و استحکام کے مؤقف کو مزید مضبوط بنائے گی۔

Comments are closed.