
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عالمی میڈیا کے دوہرے معیار پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ میں احتجاج تو دکھا رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو نظر انداز کر رہا ہے، تین دہائیوں میں حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے ایک لاکھ کشمیری قتل کیے جا چکے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی میڈیا کے دوہرے معیار پر حیرت زدہ ہوں کیونکہ وہ ہانگ کانگ کے مظاہروں پر تو شہ سرخیاں جماتا ہے مگر کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین بحران سے نظریں چرا لیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس پر بھارت نے 9 لاکھ فوجیوں کے مدد سے 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کر کے غیر قانونی طور ہر قبضہ کر رکھا ہے۔ عمران خان نے عالمی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ 2 ماہ سے زائد عرصے سے ذرائع ابلاغ کی مکمل تالہ بندی، بچوں اور سیاسی قائدین سمیت ہزاروں کو قید میں ڈال کر کشمیر میں انسانی المیے کو جنم دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تین دہائیوں میں حق خودارادیت، جس کا سلامتی کونسل کی قرادادوں کے ذریعے وعدہ کیا گیا تھا اس کے لیے جدوجہد کرنے والے ایک لاکھ کشمیری قتل کیے جا چکے ہیں۔




