تابش خان ڈیبیو کیساتھ ہی منفرد ریکارڈز کے مالک

لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر تابش خان نے زمبابوے کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا ہے اور ایک بھی گیند کرائے بغیر چند نئے منفرد ریکارڈ اپنے نام کر گئے ۔تابش خان نے ڈیبیو سے قبل 598 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کی ہیں اور یہ ڈیبیو سے قبل کسی بھی ایشیائی کھلاڑی کی جانب سے حاصل کی گئی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں، اس سے قبل 2017 میں سری لنکا کے ملندا پشپا کمارا نے 558 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ڈیبیو سے قبل سب سے زیادہ فرسٹ کلاس وکٹیں لینے کا اعزاز آئرلینڈ کے ٹم مرطاغ کے پاس ہے جنہوں نے 2018 میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قبل 712 وکٹیں حاصل کیں۔تابش خان نے 36 سال 146 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا اور اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے تیسرے زائد العمر کھلاڑی ہیں، 1955 میں میران بخش نے 47 سال 284 دن کی عمر میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا تھا جبکہ 1952 میں عامر الٰہی نے 44 سال 45 دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔




