کھیل

زمبابوین باؤلرز کی ایک نہ چلی، عابد علی ڈبل سنچری، نعمان نروس نائنٹیز

ہرارے ( سپورٹس ڈیسک ) دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن مستحکم پاکستانی ٹیم کیخلاف زمبابوے 52 رنز پر چار وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہو گئی،اس سے قبل عابد علی کے ناقابل تسخیر 215 رنزاور نعمان علی کے 97 رنز نے مجموعی سکور آٹھ وکٹوں پر 510 تک پہنچا دیا۔ہرارے میں پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی نامکمل اننگز چار وکٹوں پر 268 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی تو عابد علی نے ایک جانب سے کریز سنبھالے رکھی مگر دوسری جانب سے ساجد خان 20،محمد رضوان 21 اور حسن علی صفر پر میدان چھوڑ گئے ۔3وکٹیں 38 رنز کی فرق سے گرنے کے بعد نعمان علی کی آمد مجموعے کے استحکام اور رن ریٹ میں بہتری کا باعث بن گئی جنہوں نے موقع کی مناسبت سے سٹروکس کھیلتے ہوئے ٹی ٹائم تک مجموعہ 500 رنز سے گزار دیا۔عابد علی ہرارے سپورٹس کلب میں ڈبل سنچری بنانیوالے دوسرے پاکستانی اور ٹاپ سکورر بھی بن گئے ،2013 میں یہاں یونس خان نے ناقابل شکست 200 رنز بنائے تھے ۔نعمان علی تیسرے سیشن میں جارحانہ شاٹ کھیلتے ہوئے سٹمپڈ ہو کر تین رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہیں کر سکے تو پاکستانی اننگز آٹھ وکٹوں پر 510 رنز بنا کرڈکلیئر کردی گئی جس میں نعمان علی کے نو چوکوں اور پانچ چھکوں سے سجے 97 رنز آٹھویں وکٹ پر 169رنز کی شراکت کا باعث بنے جبکہ عابد علی 29 چوکوں کی مدد سے 215 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جس کیلئے انہوں نے 637 منٹ میں 407 گیندوں کا سامنا کیا۔بلیسنگ موزارابانی تین اور ٹینڈائی چیسورو دو وکٹیں لے سکے ۔ زمبابوے کی جوابی اننگز میں تابش خان نے پہلے اوور کی چھٹی بال پر ٹاریسائی موساکانڈا کو ایل بی ڈبلیو کرکے اولین ٹیسٹ وکٹ حاصل کرلی۔حسن علی نے 43 بالز پر چار رنز بنانے والے کیون کاسوزا اور شاہین آفریدی نے 9رنز بنانیوالے کپتان برینڈن ٹیلر کو چلتا کیا تو ریگس چکابوا نے ایک اینڈ سنبھالا ہوا تھا لیکن دن کے اختتام سے پہلے ساجد خان نے ملٹن شومبا کو دو رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی تو زمبابوین ٹیم 52 رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔ریگس چکابوا 28اور ٹینڈائی چیسورو ایک رن پر کھیل رہے ہیں جن کی ٹیم 458 رنز کے خسارے میں ہے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے بھی 258رنزدرکار ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button