وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر ترقی نسواں کا صوبے میں مشترکہ ترقی پر زور
کوئٹہ، 6 اکتوبر:
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام محکموں کے درمیان تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت کے مختلف شعبے باہمی اشتراک سے کام کریں تو ترقی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچتے ہیں۔
یہ باتیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی سے ملاقات کے دوران کہیں۔ مشیر ترقی نسواں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی حقیقی کامیابی اس وقت ممکن ہے جب منصوبوں میں عوامی مفاد، خواتین کی شمولیت اور سماجی بہبود کے پہلوؤں کو ترجیح دی جائے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسے اقدامات پر عمل پیرا ہے جو بنیادی سہولیات میں بہتری، خواتین کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جائے گی۔
مشیر ترقی نسواں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان اجتماعی ترقی کے وژن پر یقین رکھتی ہے، جہاں ہر طبقے کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور خواتین و نوجوان صوبائی و ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
دریں اثنا، پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، حاجی محمد خان لہڑی نے بھی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے ملاقات کی اور نصیرآباد کے عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
Comments are closed.