
کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان اسمبلی وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کے لئے سرگرم ہوگئے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق رواں ماہ کو ہی وزيراعلی بلوچستان نے بلوچستان عوامی پارٹی ( بی اے پی) كے ركن اسمبلی اور سينیئر سياستدان سردار محمد صالح بھوتانی سے بلدیات و دیہی ترقی کی وزارت كا قلمدان واپس لے ليا گیا تھا۔ اس حوالے سے صالح بھوتانی کا کہنا تھا کہ قلم دان لینے سے پہلے مشاورت کی اورنہ ہی اعتماد میں لیا گیا، قلم دان واپس لینے کے بعد کی صورتحال سے سنیئر ساتھیوں سے رابطے میں ہوں۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان اسمبلی وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے خلاف سرگرم ہوگئے ہیں، جب کہ اسپیکر عبدالقدوس بزنجو، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر یار محمد رند بھی وزیر اعلی جام کمال سے نالاں ہیں۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ سردار صالح بھوتانی نے جے یو آئی بلوچستان کی قیادت سے رابطہ بھی کیا، جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ سردار صالح بھوتانی نے تحریک عدم اعتماد کی صورت میں جے یو آئی سے حمایت مانگ لی۔ جس پر جی یو آئی قیادت نے جواب دیا کہ آپ اپنا ہوم ورک مکمل کرلیں، ہم مشاورت کے بعد جلد فیصلے سے آگاہ کریں گے۔




