اہم خبریںبلوچستان

صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے کوئٹہ پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے کوئٹہ پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی ،ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے رہنمائو ں ملک خدابخش لانگو، ساحر علی اعوان ، ارباب شائستہ گل ، علی کاکڑ، عامر کرد، وقار لہڑی ،معیز راجپوت، حبیب کاکڑ، اجمل کاکڑ و دیگر نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انسانی اقدار اور بربریت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے کشمیر کو 180دنوں سے دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے ، آج کشمیر کے مقبوضہ حصے کے ہر کوچہ و بازار میں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند ہور ہے ہیں جو کشمیریوں کی امنگوں اور ان کے عزم کو ظاہر کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست کے بعد نو لاکھ فوج کی مدد سے کشمیر پر دوبارہ قبضہ کیا، اس کو دو حصوں میں تقسیم کیا اور اسے اپنی کالونی میں بدل دیا، یہ سب کچھ کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اور ان سے پوچھے بغیر کیا گیا جو نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ تمام بین الاقوامی معاہدوں اور ضابطوں کی بھی خلاف ورزی ہے جسے کشمیریوں نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو گرفتا ر کر کے نظر بندی کیمپوں میں بند کیا جا رہا ہے جبکہ خواتین کی بے حرمتی کی جا رہی ہے اور ان کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے متعلق اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا میں ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے اقوام متحدہ کشمیر کے حوالے سے اپنا ایک مستقل نمائندہ خصوصی مقرر کر کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بھیجے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کے جنگ میں تنہا نہیں ہے پوری پاکستانی قوم انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button