بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین ودیگر اورتوبہ دوبندی سڑک خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنسز کی سماعت
کو ئٹہ: احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج منور احمد شاہوانی کے روبرو بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمدا شرف مگسی ودیگر اورتوبہ دوبندی سڑک خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنسز کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمد اشرف مگسی ودیگر کے خلا ف دائر ریفرنس میں 4مزید گواہان استغاثہ کے بیانات قلم بند کرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی ،گواہان میں مسز سیدہ ماجدہ ،محمد فہد،ابرار اور محمد ظریف شامل ہیں مذکورہ کیس میں اب تک 50گواہان استغاثہ کے بیانات قلم بند کئے گئے ہیں ۔ریفرنس کی سماعت کو14نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیاہے ۔علاوہ ازیں گز شتہ روز توبہ دوبندی سڑک خوردبرد ریفرنس میں نامزد ملزمان اختر حسین ،سمیع اللہ ،محمد ناصر ،شیخ مہدی ودیگر کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت میں پیش رفت نہ ہوسکی اور مذکورہ ریفرنس کی سماعت کو15نومبر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔سماعت کے دوران ملزم اخترحسین کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی گئی ۔