نیو میٹرو سٹی گوجر خان کے متاثرین کو رقوم کی واپسی کی تقریب
پریس ریلیز
اسلام آباد، 3 اکتوبر: قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی کی بروقت مداخلت اور کوششوں کے نتیجے میں نیو میٹرو سٹی گوجر خان کے متاثرین کو ان کی سرمایہ کاری واپس کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کی۔
عوامی شکایات موصول ہونے پر نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے ستمبر 2024 میں نیو میٹرو سٹی گوجر خان کی انتظامیہ کے خلاف عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمے کا آغاز کیا تھا۔ نیب کی قانونی کارروائی اور فوری اقدامات کے نتیجے میں منصوبے کی انتظامیہ متاثرین کو ان کی لگائی گئی رقم واپس کرنے پر رضا مند ہوگئی۔
تقریب میں مجموعی طور پر 383 متاثرین کو 767 ملین روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے جبکہ 57 متاثرین نے پلاٹوں کا قبضہ لینے پر رضامندی ظاہر کی جنہیں باضابطہ الاٹمنٹ فراہم کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ عوام سے دھوکہ دہی کے ذریعے لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی خون پسینے کی کمائی کسی بھی منصوبے میں لگانے سے پہلے اچھی طرح تحقیق اور تسلی کے بعد سرمایہ کاری کریں تاکہ مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
چیئرمین نیب نے نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ متاثرین کو ان کی رقوم کی واپسی ادارے کی انتھک کوششوں، چیئرمین نیب کی قیادت اور وژن کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے اور متاثرین کو ان کا حق دلانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
Comments are closed.