پشاور: پولیس موبائل پر آئی ای ڈی دھماکہ، 4 اہلکار زخمی

21

پشاور (رپورٹ:ایم-الیاس ملْاخیل) : پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی تھانے کی حدود میں قمر دین چوک کے قریب پولیس موبائل کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پولیس کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک دھماکہ ہوا۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا سکیں اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ تاہم مزید تفتیش کے بعد حتمی موقف سامنے آئے گا۔

پشاور میں حالیہ دنوں کے دوران پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گشت اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔

Comments are closed.