لاہور،چوبرجی کے قریب رکشے میں دھماکا، 7 افراد زخمی،رکشہ مکمل تباہ
لاہو: لاہور میں چوبرجی کے قریب رکشہ میں دھماکے کے نتیجے میں7افراد زخمی ہوگئے،دھماکہ سے رکشہ مکمل طورپر تباہ ہوگیا،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جائے وقوعہ سے ڈیوائس ملی ہے اور رکشے پر چھرے کے نشان ہیں،پنجاب سائنس فرانزک لیب، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت تمام متعلقہ ادار وں نے تحقیقات شروع کردی۔ جمعہ کو لاہور میں چوبرجی کے قریب ایک رکشے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے اور رکشہ مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگیا جب کہ دھماکے سے قریب کھڑی موٹرسائیکل بھی مکمل طور پرتباہ ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق رکشے میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا جس میں ڈیڑھ سے 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جب کہ دھماکے کی جگہ سے بال بیئرنگ بھی ملے ہیں۔پولیس اور ریسکیو ٹیم سمیت پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کے ماہرین بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ایس پی سول لائنز کے مطابق رکشے والینے بیان دیا ہے کہ اس نے شیرا کوٹ سے سواری اٹھاکر سمن آباد اتاری تھی اور وہ بیت الخلا جانے کے لیے اترا تو دھماکا ہوگیا۔پولیس نیاور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔